ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی حکام نے کاروائی میں منشیات کا کاروبار کرنے والے 11 افراد کے گروہ کو گرفتار کر کے 55 کلو کوکین قبضے میں لے لی۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی مملکت منشیات کی سمگلنگ، فروغ اور استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے، حکام نے 11 افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضے میں کل 55.2 کلو گرام کوکین تھی۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول کے سرکاری ترجمان میجر مروان الحزمی نے کہا کہ اس گروہ نے پولیس سے بچنے کے لیے جدہ میں متعدد رہائش گاہوں میں کوکین چھپانے کی کوشش کی تھی، لیکن سکیورٹی اداروں نے اس کا سراغ لگا لیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں دو افراد نے سرحدی حفاظتی نظام کی خلاف ورزی کی تھی، ان میں چار رہائشی، اور پانچ نائجیرین تارکین وطن شامل ہیں جن کے پاس وزٹ ویزا تھا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں منشیات کی درآمد، تیاری، قبضے میں رکھنے اور استعمال کے خلاف سخت قوانین ہیں، سب سے سخت سزا سزائے موت ان لوگوں کے لیے ہے جو منشیات کی سمگلنگ اور ملک میں لانے میں ملوث ہیں، ڈیلروں اور استعمال کرنے والوں کے لیے قید کی سزا، بھاری جرمانے اور ملک بدری شامل ہیں۔