جدہ: (ویب ڈیسک) عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے شام کے صدر بشار الاسد سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق بشار الاسد جمعے کو عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے ، شام کو رواں ماہ 11 سال بعد علاقائی تنظیم میں بحال کیا گیا تھا، شامی صدر کی سعودی عرب میں آمد عرب ریاستوں کی اکثریت کی جانب سے تعلقات بحال کرنے کی کوشش کی تازہ ترین مثال ہے۔
الاسد اور اس کی حکومت کو 2011 میں حزب اختلاف کے مظاہرین کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن اور اس کے نتیجے میں شام میں تباہ کن جنگ کی وجہ سے دور کردیا گیا تھا، میزبان ملک پہلے مسلح اپوزیشن گروپوں کا اہم حمایتی تھا جو شام کی جنگ کے دوران الاسد کا تختہ الٹنا چاہتے تھے۔
تاہم حالیہ مہینوں میں ریاض نے تنازعے کو ختم کرنے کے لیے بات چیت پر زور دیا ہے، جس میں 5 لاکھ افراد ہلاک اور شام کی جنگ سے پہلے کی آبادی کا نصف بے گھر ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ 2000 میں سابق صدر حافظ الاسد کی موت کے بعد بشار الاسد کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے شام اور سعودی عرب کے تعلقات کشیدہ تھے، دونوں ممالک نے 2012 میں تعلقات منقطع کر لیے۔ گزشتہ ہفتے انہوں نے اپنے سفارتخانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا۔