انقرہ: (دنیا نیوز) ترکیہ کے نو منتخب صدر رجب طیب اردوان نے حلف اٹھا لیا، اردوان تیسری مرتبہ ترکیہ کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔
صدر کے عہدے کا حلف اٹھاتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ میں آئین و قانون اور جمہوری اقدار کی پاسداری کروں گا۔
نومنتخب ترک صدر کی تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم شہباز شریف سمیت 78 ممالک کے سربراہان نے شرکت کی، تقریب میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل، امیر قطر، آذربائیجان کے صدر، روسی پارلیمنٹ کے سپیکر اور دیگر عالمی رہنما بھی شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ میں تاریخ رقم، طیب اردوان 20 سالہ اقتدار بچانے میں کامیاب
رجب طیب 28 مئی کو ہونے والے رن آف مرحلے میں کامیابی کے بعد تیسری بار ترکیہ کے صدر منتخب ہوئے ہیں جبکہ ان کی جماعت لگ بھگ 21 سال سے مسلسل اقتدار میں ہے۔
رجب طیب اردوان سال 2003ء میں ترکیہ کے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے، 2014ء میں وہ ملک کے صدر بنے، یوں ان کا دور اقتدار تیسری دہائی میں داخل ہو گیا ہے۔
مزید برآں ترکیہ کی نئی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں، وزیرخارجہ میولوت چاوش اولو، وزیر خارجہ حلوصی آقار اور وزیر داخلہ سلیمان سوئلو جیسے بڑے نام نئی کابینہ کا حصہ نہیں ہوں گے بلکہ بطور رکن پارلیمنٹ ذمہ داریاں ادا کریں گے۔