اوٹاوا: (ویب ڈیسک ) کینیڈا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے امریکا میں بھی شدید فضائی آلودگی کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈین حکام کاکہنا ہے کہ کینیڈا میں 400 سے زائد مقامات پر جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے، 250 مقامات پر آگ بے قابو ہوچکی ہے جبکہ اب تک 65 لاکھ ایکڑ رقبہ جل چکا ہے۔
جنگلات کی آگ نے امریکہ کے شمال مغربی علاقے میں فضا کوزردی مائل سرمئی دھوئیں سے آلودہ کر دیا ہے اورلوگوں کو گھروں کے اندر رہنے اور کھڑکیاں بند رکھنے کے انتباہ جاری کر دیے گئےہیں۔
غیر ملکی خبر رساں کے مطابق فضائی آلودگی کے باعث 10 کروڑ سے زائد امریکی متاثر ہوئے ہیں جبکہ کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا اور سب سے بڑے شہر ٹورنٹو میں بھی ہوا کا معیار شدید متاثر ہوا ہے۔
کینیڈا کے صوبےکیوبیک بھر میں سینکڑوں مقامات پر لگنے والی جنگلات کی آگ کو گزشتہ روزامریکہ کی ریاست نارتھ کیرولائنا سےجنوب تک اور مغرب میں اوہائیو تک محسوس کیا جا سکتا تھا جس سے فضا دھواں آلود ہو گئی اور لوگوں کو گلےمیں خراش محسوس ہونے لگی۔
امریکی حکام نے متعدد علاقوں میں ہوا کے معیار کے بارے میں الرٹ جاری کیے اور کئی روز تک خراب حالات جاری رہنے کا خدشہ ظاہر کیاہے، اسی دوران کینیڈا اور امریکہ میں کئی پروازیں متاثر ہوئیں اور لوگوں کو ماسک پہن کر باہر نکلنا پڑا۔
کینیڈین حکام کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے گرم اور خشک موسم میں اضافہ ہوسکتاہے ، کینیڈا کے جنگلات کی آگ کے اثرات گزشتہ ماہ سے امریکہ تک پہنچ رہے ہیں، سب سے تازہ ترین اثر کیوبیک کے قریب لگنے والی آگ کے واقعات سے ہوا ہے جو کم از کم کئی روز تک لگی رہی ۔
یونیورسٹی آف کولوراڈو کے کو آپریٹیو انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ ان اینوائرن مینٹل سائنسز کے ایک ماہر ایرک جیمز نے کہا ہے کہ مئی کا مہینہ بیشتر کینیڈا میں ریکارڈ حد تک گرم رہا اور آب وہوا کی تبدیلی سے جنم لینے والے غیر معمولی حالات نے جنگلات کی آگ کے خطرات میں اضافہ کر دیا ہے ۔