اوٹاوا: ( ویب ڈیسک ) کینیڈا میں ایک ٹرک اور بس کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وسطی کینیڈا میں ایک ٹرک اور چھوٹی بس میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے، بس میں سوار مسافروں میں زیادہ تعداد بزرگوں کی تھی۔
حادثہ ونی پیگ سے 170 کلومیٹر مغرب میں جنوب مغربی مانیٹوبا میں کاربیری قصبے کے قریب دو بڑی سڑکوں کے سنگم پر پیش آیا۔
مانیٹوبا رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے کمانڈنٹ اسسٹنٹ کمشنر راب ہل نے کہا کہ تصادم کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، افسوس کی بات ہے کہ یہ مانیٹوبا اور پورے کینیڈا میں ایک ایسا دن ہے جسے ایک المیہ اور ناقابل یقین دکھ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
بس میں تقریباً 25 افراد سوار تھے اور پولیس نے بتایا کہ 10 افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس نے کہا کہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز زندہ ہیں تاہم اس بارے تصدیق نہیں ہو سکی کہ حادثے کا ذمہ دار کون ہو سکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ان لوگوں سے گہری تعزیت کا اظہار کیا جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا جبکہ زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔
ٹروڈو کا کہنا تھا کہ میں اس درد کا تصور نہیں کر سکتا جو متاثرہ لوگ محسوس کر رہے ہیں۔
The news from Carberry, Manitoba is incredibly tragic. I’m sending my deepest condolences to those who lost loved ones today, and I’m keeping the injured in my thoughts. I cannot imagine the pain those affected are feeling – but Canadians are here for you.
— Justin Trudeau (@JustinTrudeau) June 15, 2023
مانیٹوبا کی پریمیئر ہیدر سٹیفنسن نے ٹویٹر پر کہا کہ کاربیری کے قریب المناک حادثے کی خبر سن کر میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔
My heart breaks hearing the news of the tragic accident near Carberry. My most sincere condolences go out to all those involved.
— Heather Stefanson (@HStefansonMB) June 15, 2023
یاد رہے کہ کینیڈا کی تاریخ کا بدترین ٹریفک حادثہ 1997 میں اس وقت پیش آیا جب صوبہ کیوبیک میں ایک بس کھائی میں جا گری تھی جس کے نتیجے میں 44 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔