اوٹاوا: (ویب ڈیسک ) کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ سے امریکا کی کئی ریاستوں میں ایک بار پھر دھویں کے گہرے بادل چھا گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنگلات سے اٹھتی آگ کے دھوئیں نے امریکہ کی کئی ریاستوں میں شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں، کئی شہروں میں لوگوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
امریکی ماہرین کے مطابق دھویں کی وجہ سے شکاگو، ڈیٹرائٹ، پیٹرزبرگ اور سینسیناٹی میں ہوا مضرصحت ہوگئی ہے۔
کینیڈا میں آج جنگلات میں 23 نئی جگہوں پر آگ لگی اور پورے ملک کے جنگلات میں مجموعی طور پر 491 مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے ، جن میں سے کچھ کا دھواں امریکہ کے شہروں اور کمیونٹیز کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔
کینیڈین حکام کےمطابق سال 2023 میں آتشزدگی کے مختلف واقعات میں 80 لاکھ ایکڑ رقبہ جل چکا ہے اور تقریبا 3ہزار جگہوں پر آگ لگی ہے ۔
ماہرین کے مطابق آتشزدگی کے باعث ٹیکساس میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ جنوبی امریکا میں ہیٹ وارننگ بھی جاری کی گئی ہے ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درجہ حرارت بڑھنے اور جنگلات کو آگ لگائے جانے سے ماحول پر غیر معمولی اثرات ہورہے ہیں۔