نیویارک : (ویب ڈیسک ) دنیا بھر سے 140 سے زیادہ رہنما اور ریاستی نمائندے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA) کے 78ویں اجلاس سے خطاب کرنے کے لیے نیویارک پہنچ رہے ہیں ، یہ اجلاس ایک ایسے وقت پر ہونے جا رہا ہے جب عالمی سطح پر ترقی کو غیرمعمولی دھچکا لگا ہے ۔
خبر رساں ادارے کے مطابق 18 ستمبر بروز پیر سے شروع ہونے والے اجلاس میں یوکرین جنگ کے حل اور اس سے جڑے مسائل کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی تاہم ترقی پذیر ممالک کی بھی کوشش ہوگی کہ غربت اور عدم مساوات سے متعلق اقدامات اٹھانے پر زور دیا جائے۔
روس کے یوکرین پر حملے سے بڑی طاقتوں کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعات کے علاوہ کورونا، مہنگائی میں اضافے ، ماحولیاتی آلودگی، غربت، بھوک اور صنفی عدم مساوات سے جڑے مسائل بھی اجلاس میں زیر بحث آئیں گے۔
اس اجلاس کے دوران ترقی پذیر ممالک کی اولین ترجیح ہوگی کہ سربراہان مملکت 17 عالمی اہداف کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائیں ۔
ان اہداف میں انتہائی غربت اور بھوک کے خاتمے کے علاوہ بچوں کے لیے معیاری ثانوی تعلیم کو یقینی بنانا، صنفی مساوات کا حصول اور ماحولیاتی تبدیلوں سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات شامل ہیں ، تاہم موجودہ رفتار پر ایک بھی ہدف کا حصول ممکن نہیں ہے۔
2015 میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک نے پائیدار ترقی کے 17 اہداف کو اپناتے ہوئے 2030 تک دنیا کو تبدیل کرنے کے عہد کا اعادہ کیا تھا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں ’عالمی ریسکیو پلان‘ تشکیل دیا جائے گا تاکہ اہداف کو مکمل کیا جا سکے۔
دوسری جانب ترقی پذیر ممالک کو سپر پاور ملک امریکہ سے توقعات ہیں کہ جب یوکرین کو 43 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی گئی ہے تو ترقیاتی اہداف کے لیے بھی خاطر خواہ رقم مختص کی جائے گی۔
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اس تنظیم کا بنیادی پالیسی ساز ادارہ ہے، یہ تمام رکن ممالک پر مشتمل ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر میں شامل عالمی مسائل پر کثیر الجہتی بحث کے لیے ایک منفرد فورم فراہم کرتا ہے ، اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے ہر ایک کا ووٹ برابر ہے۔
جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کے لیے کئی اہم فیصلے بھی کرتی ہے، جن میں سلامتی کونسل کی سفارش پر سیکریٹری جنرل کا تقرر، سلامتی کونسل کے غیر مستقل اراکین کا انتخاب اور اقوام متحدہ کے بجٹ کی منظوری وغیرہ شامل ہیں۔
جنرل اسمبلی کا اجلاس ہر سال ستمبر سے دسمبر تک باقاعدگی سے ہوتا ہے، اس اجلاس میں مخصوص ایجنڈا آئٹمز یا ذیلی آئٹمز کے ذریعے مخصوص مسائل پر بحث ہوتی ہے، جس کی بنیاد پر قراردادیں منظور کی جاتی ہیں۔