حماس کے جنگجو اسرائیلی فوجیوں کا گلی گلی تعاقب کر رہے ہیں: ترجمان القسام بریگیڈ

Published On 18 November,2023 05:25 am

غزہ: (دنیا نیوز) حماس نے کہا ہے کہ ہمارے جنگجو دشمن فوجیوں کا گلی گلی تعاقب کر رہے ہیں، ہم نے خود کو مسلسل اور لچکدار دفاع کیلئے تیار کیا ہوا ہے۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ غزہ میں گزشتہ 4 دنوں کے دوران 62 اسرائیلی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے میں کامیاب ہوئے ہیں، ہمارے جنگجو دشمن کی فوجوں اور گاڑیوں کا گلی گلی میں تعاقب کر رہے ہیں۔

ابو عبیدہ نے مزید کہا ہے کہ ہم نے اپنے آپ کو طویل، مسلسل اور لچکدار دفاع کیلئے تیار کیا ہے، میدان میں مارے گئے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد جلد یا بدیر اسرائیل تک پہنچ جائے گی۔

دوسری جانب القسام بریگیڈ نے غزہ کی ایک سرنگ میں 5 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کرنے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنگجوؤں نے بہترین جنگی حکمت عملی اپناتے ہوئے بیت حانون میں ایک سرنگ پر اسرائیلی فوجیوں کو اپنے جال میں پھنسایا اور جیسے ہی اسرائیلی فوج کا افسر اپنے ساتھیوں سمیت پہنچا تو دھماکا ہوگیا۔

دھماکے میں اسرائیلی فوج کے افسر اور 4 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، اسرائیلی فوج کے ترجمان پہلے تو اپنے فوجیوں کے آپریشن میں مارے جانے سے انکاری رہے لیکن القسام کی جانب سے ویڈیو جاری کرنے پر حقیقت نہ چھپا سکے، ویڈیو 10 نومبر کی ایک کارروائی کی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی مرکزی بینک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جنگ کے سبب اسرائیلی معیشت کو یومیہ 26 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہو رہا ہے اور غزہ جنگ کی وجہ سے اسرائیلی معیشت کو 50 ارب ڈالرز کا نقصان ہو سکتا ہے۔