عارضی جنگ بندی کے بعد لڑائی دوبارہ شدت سے شروع ہو گی: اسرائیل

Published On 24 November,2023 06:32 am

تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل نے کہا ہے کہ حماس کے خلاف عارضی جنگ بندی کے بعد لڑائی دوبارہ شدت سے شروع ہو جائے گی۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے اپنے فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کے ساتھ جنگ بندی کا یہ مختصر وقفہ ہے، عارضی جنگ بندی کے بعد لڑائی شدت سے دوبارہ شروع ہو جائے گی، ہم مزید یرغمالیوں کی رہائی کیلئے دباؤ ڈالیں گے، جنگ مزید 2 ماہ اور جاری رہنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب جنگ بندی معاہدے سے پہلے اسرائیل نے بربریت کا سلسلہ جاری رکھا، صیہونی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ پر 300 سے زائد حملے کیے، شیخ رضوان میں بمباری سے ایک ہی گھر کے 10 افراد شہید ہو گئے، اس کے علاوہ جبالیہ، رفاہ، خان یونس اور نصائرات کیمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

یاد رہے کہ قطری وزارت خارجہ نے غزہ میں سیز فائر اور یرغمالیوں کی رہائی کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بروز جمعہ مقامی وقت کے مطابق 7 بجے سیز فائر ہو جائے گا، شام 4 بجے سے یرغمالیوں کی رہائی کا سلسلہ شروع ہو گا۔

ترجمان قطری وزارت خارجہ کے مطابق پہلے روز 13 یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا، چار دنوں کے اندر 50 یرغمالیوں کی رہائی ممکن بنائی جائے گی، جنگ بندی کے فوری بعد ہی غزہ میں انسانی امداد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا، 4 روزہ سیز فائر پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوگا۔