نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکی صدر جو بائیڈن دبئی میں اقوام متحدہ کے 30 نومبر سے شروع ہونے والے ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے سربراہی اجلاس کوپ 28 میں شرکت نہیں کریں گے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو شروع ہونے والے کوپ 28 کانفرنس میں کئی ممالک کے رہنماؤں اور پوپ فرانسس سمیت تقریباً 70 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے، جو کہ اقوام متحدہ کا اب تک کا سب سے بڑا موسمیاتی سربراہی اجلاس ہو سکتا ہے۔
امریکی اخبار (نیویارک ٹائمز) نے وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار کانام ظاہر کیے بغیر بتایا ہے کہ صدر جو بائیڈن اگلی جمعرات کو دبئی میں شروع ہونے والی COP28 سربراہی کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔
اہلکار نے صدر بائیڈن کے موسمیاتی سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وجوہات نہیں بتائی لیکن اس نے کہا کہ بائیڈن ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جھڑپوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور امریکی صدارتی انتخابات کے لیے ایک سال سے بھی کم وقت رہ جانے کے سبب وہ اپنے مقامی ایجنڈے کو اجاگر کرنے کی کوششوں میں بھی مصروف ہیں۔
جوبائیڈن کی مصروفیات میں ہوا سے پیدا ہونے والی توانائی میں امریکی سرمایہ کاری کو اجاگر کرنے کے لیے کولوراڈو کا دورہ، انگولا کے صدر سے ملاقات اور نیشنل کرسمس ٹری روشن کرنا شامل ہے۔
بائیڈن نے گزشتہ سال مصر میں شرم الشیخ میں منعقدہ کوپ 27 کانفرنس کا ایک مختصر دورہ کیا تھا۔
اقوام متحدہ کا ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے سربراہی اجلاس 30نومبر سے 12دسمبر تک دبئی میں منعقد ہو گا، درجنوں ممالک دبئی سربراہی اجلاس میں کوئلہ، تیل اور گیس جو کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کا سبب بنتے ہیں ان کو مرحلہ وار ختم کرنے کے لیے دنیا کے پہلے معاہدے پر زور دینے پر غور کریں گے۔