غزہ پر مسلم دنیا کو متحد ہونے کی ضرورت ہے: طیب اردوان کی اماراتی صدر سے گفتگو

Published On 02 December,2023 04:04 am

دبئی: (دنیا نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے متحدہ امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی جس میں حماس اسرائیل جنگ کے دوبارہ آغاز پر بات چیت ہوئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور متحدہ امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ملاقات کوپ 28 سمٹ کے دوران سائیڈ لائن پر ہوئی، اس دوران گفتگو کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ غزہ کے معاملے پر مسلم دنیا کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنگ بندی کا اختتام : اسرائیل کے غزہ پر ایک بارپھر حملے، 175 فلسطینی شہید

قبل ازیں کوپ 28 سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے فوری بعد غزہ پر جو ظلم ڈھایا جا رہا ہے وہ جنگی جرائم میں شمار ہوتا ہے، ایسا کرنے والوں پر عالمی جنگی قوانین کے تحت مقدمہ چلانا چاہیے، بمباری میں اب تک 16 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں سے نصف خواتین اور بچے ہیں۔

رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ اسرائیل کے وحشیانہ عمل کو کسی طور درست نہیں کہا جا سکتا، ہم دنیا میں جاری تمام جنگوں اور بحرانوں میں ہمیشہ سے امن کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں اور منصفانہ حل کی حمایت کی، غزہ کے معاملے پر بھی اپنی یہی تاریخ دہرائیں گے۔