جوبائیڈن کا نیتن یاہو سے رابطہ، غزہ میں انسانی امداد میں اضافے کا مطالبہ

Published On 12 February,2024 08:51 am

واشنگٹن : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، غزہ میں انسانی امداد میں اضافے اور رفح میں زمینی آپریشن شروع کرنے کے اسرائیلی منصوبے سے متعلق گفتگوکی گئی۔

وائٹ ہاؤس ترجمان کے مطابق امریکی صدر بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے کہا ہے کہ رفح میں 10 لاکھ فلسطینیوں کی حفاظت یقینی بنائے بغیر فوجی آپریشن آگے نہیں بڑھنا چاہیے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر گفتگو میں یرغمالیوں کی محفوظ رہائی کے بارے میں بھی بات چیت کی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق گفتگو میں پیشرفت سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔

ترجمان کے مطابق بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم سے غزہ میں انسانی امداد میں اضافے کیلئے اقدامات کا مطالبہ بھی کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

دوسری جانب برطانیہ، سعودی عرب، یو اے ای، قطر اور لبنان نے اسرائیلی فیصلے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے تباہ حال فلسطینیوں کی مزید تباہی کا اقدام قرار دیا ہے۔

ادھر حماس نے خبردار کر دیا کہ اسرائیل کا رفح میں زمینی آپریشن یرغمالیوں کی رہائی کی بات چیت کو ختم کر دے گا۔

اقوام متحدہ کے امدادی ادارے یونیسیف نے رفح میں زمینی آپریشن کے اسرائیلی منصوبے کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح میں پناہ لیے ہوئے فلسطینی پہلے ہی کئی بار بے گھر ہوچکے ہیں، ان کے پاس رفح سے آگے جانے کی کوئی جگہ نہیں۔

ادھر غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں،  7 اکتوبر سے جاری حملوں میں غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کرچکی  جبکہ اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 67 ہزار سے زیادہ ہے۔