عالمی برادری قرار داد پر عمل درآمد کیلئے اسرائیل کو پابند کرے : حماس

Published On 25 March,2024 11:12 pm

غزہ: (ویب ڈیسک) مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری قرار داد پر عمل درآمد کیلئے اسرائیل کو پابند کرے۔

حماس ترجمان باسم نعیم نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قرارداد کا خیرمقدم کیا اور اسے اہم قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ بین الاقوامی برادری قرارداد پر عملدرآمد کے لیے اسرائیل پر کس طرح زور ڈالتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے یرغمالیوں کی بات کی جاتی ہے تو اس میں ان 7 ہزار سے زائد فلسطینیوں کا ذکر نہیں ہوتا جو اسرائیل کی قید میں ہیں۔

باسم نعیم نے کہا کہ اسرائیل نے 7 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو اغوا کیا ہوا ہے اور ہم ان سب کو یرغمالی تصور کرتے ہیں، اگر یرغمالیوں کی رہائی کی بات ہوتی ہے تو اسے دونوں جانب لاگو کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے قرارداد کا خیر مقدم کیا ہے لیکن یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیل کو پابند کرے اور اس کے حوالے سے دوہرے معیار کو ختم کرے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کی ہے، فوری جنگ بندی کی قراردادسلامتی کونسل کے10 رکن ممالک نے پیش کی، قرارداد پیش کرنے والے ممالک میں الجزائر، جاپان، ایکواڈور ، سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، مالٹا اور دیگر ممالک شامل تھے۔ 

Advertisement