دمشق: (دنیا نیوز) ایران نے شام کے دارالحکومت دمشق میں سفارتخانے پر اسرائیلی فضائی حملے کا ذمہ دار امریکا کو قرار دے دیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر نے شام کے دارالحکومت دمشق میں نئے سفارتخانے کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ایرانی قونصل خانے پر حملے کی منظوری امریکا نے دی۔
حسین امیر عبداللہیان نے مزید کہا ہے کہ امریکا سفارتی آداب کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ہے، ایرانی قونصل خانے پر حملے کی ذمہ داری امریکا کی ہے اس لیے امریکا کو جوابدہ ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ یکم اپریل کو اسرائیل نے دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر میزائل حملہ کیا تھا جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 8 افراد شہید ہو گئے تھے، حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے بیان میں کہا تھا کہ ایران ہر صورت اسرائیل پر حملہ کرے گا۔
دوسری جانب شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر فضائی حملہ کرنے والا اسرائیل 9 مختلف ایرانی میزائلوں کی رینج میں ہے، سجیل نامی ایرانی میزائل سب سے زیادہ فاصلے تک مار کر سکتا ہے، اس کی رینج 25 سو کلو میٹر ہے، خرم شہر، عماد اور شہاب میزائل 2 ہزار کلو میٹر تک مار کر سکتے ہیں۔
پانچویں نمبر کے قدر میزائل کی رینج 19 سو 50 کلو میٹر ہے، پاوہ میزائل کی رینج 1650 کلو میٹر ہے، 7 ویں نمبر پر موجود خیبر شیخان نامی میزائل جو 14 سو 50 کلو میٹر تک مار کر سکتا ہے، الفتح ٹواور حج قاسم کی رینج 14 سو کلومیٹر ہے، ایران کی جانب سے کسی بھی وقت اسرائیل پر حملہ کیے جانے کا امکان ہے۔