غزہ: (دنیا نیوز) رفح میں اسرائیلی فوج نے ایک ایسی کار کو نشانہ بنایا جس پر اقوام متحدہ کا جھنڈا لگا ہوا تھا، حملے میں گاڑی میں سوار دو غیر ملکی اہلکار ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کو عملے کے ارکان نے اپنی نقل و حرکت سے متعلق آگاہ کر رکھا تھا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔
دوسری جانب اسرائیل ڈیفنس فورسز کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہمیں گاڑی کے روٹ کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا تھا، اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور کی ترجمان اولگا چیریونو کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیل حماس جنگ کے دوران اب تک غزہ میں اقوام متحدہ کے 191 کارکن مارے جا چکے ہیں جن میں تقریباً سبھی فلسطینی تھے۔
تاہم آج اقوام متحدہ کے بین الاقوامی ہلاکتوں کا پہلا واقعہ ہے جس میں کوئی غیرملکی اہلکار ہلاک ہوا ہے، ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کی شناخت 46 سالہ بھارتی شخص وبھاؤ انیل کے نام سے ہوئی جو سیفٹی اینڈ سیکیورٹی کے شعبہ میں کام کرتے تھے۔