اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہیں: سعودیہ

Published On 27 May,2024 03:25 pm

ریاض: (ویب ڈیسک ) سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ’قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے مسلسل قتل عام‘ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، اسرائیل نے رفح میں بے گھر پناہ گزینوں کی ایک خیمہ بستی کو نشانہ بنایا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ کی پٹی میں بے دست و پا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی سلسلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا ہے کہ مملکت اسرائیل کی جانب سے تمام بین الاقوامی انسانی فیصلوں، قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزیوں کو مسترد کرتی ہے۔

سعودی عرب نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ قابض اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے انسانی قتل عام کو رکوانے کے لئے فوری طور پر مداخلت کرے۔

یہ بھی پڑھیں:رفح : پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کا حملہ، 75 سے زائد فلسطینی شہید

غزہ میں وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رفح کے قریب فلسطینی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر حملے میں کم از کم 75 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ زخمیوں میں بیشتر بچے اور خواتین شامل ہیں اور اسے ’خوفناک قتل عام‘ قرار دیا ہے۔

اسرائیلی افواج نے بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا، اسرائیلی فوج نے دو ہزار پاؤنڈ وزنی بموں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی اور بیشتر افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس کے سینئر عہدیدار سامی ابو زہری نے رفح میں ہونے والے حملے کو ’قتل عام‘ قرار دیتے ہوئے امریکا کو ذمہ دار ٹھہرایا کہ وہ اسرائیل کو ہتھیار اور رقم فراہم کررہا ہے۔

واضح رہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں کم از کم 36 ہزار فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں جبکہ 80 ہزار زخمی ہیں۔