تل ابیب: (ویب ڈیسک) ایران کی جانب سے دھمکی دینے کے بعد اسرائیل کا جواب بھی سامنے آ گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ ایک حکومت جو تباہی کی دھمکی دیتی ہے وہ خود تباہ ہونے کی مستحق ہے، اگر ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ لبنان سے اسرائیل پر فائرنگ کا سلسلہ بند نہیں کرتی اور سرحد سے پیچھے نہیں ہٹتی تو اسرائیل اس کیخلاف پوری طاقت سے کارروائی کرے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے صیہونی ریاست کی سرزمین پر حملے اور ہزار سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ غزہ میں حماس کیساتھ جنگ کے بعد وہ حزب اللہ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے لبنان میں نشانہ بنائے گا۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو جواب دیتے ہوئے نیویارک میں ایران کے مشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اگر صیہونی ریاست نے لبنان میں حزب اللہ کو نشانہ بنایا تو اسرائیل کو مٹا کر رکھ دیں گے، ایران اور حزب اللہ اسرائیل کیساتھ بھرپور جنگ اور تمام محاذوں پر لڑنے کیلئے تیار ہے۔