ریاض: (ویب ڈیسک) اسرائیل کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان میں موجود سعودی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لبنان کا سفر کرنے سے گریز کریں اور وہاں موجود شہری فوری طور پر لبنانی سرزمین چھوڑ دیں۔
سعودی سفارتخانے نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں حالیہ واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، سعودی شہری ضرورت اور کسی ہنگامی صورتحال میں سفارتخانے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے صیہونی ریاست کی سرزمین پر حملے اور ہزار سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ غزہ میں حماس کیساتھ جنگ کے بعد وہ حزب اللہ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے لبنان میں نشانہ بنائے گا۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو جواب دیتے ہوئے نیویارک میں ایران کے مشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اگر صیہونی ریاست نے لبنان میں حزب اللہ کو نشانہ بنایا تو اسرائیل کو مٹا کر رکھ دیں گے، ایران اور حزب اللہ اسرائیل کیساتھ بھرپور جنگ اور تمام محاذوں پر لڑنے کیلئے تیار ہے۔