غزہ :(دنیا نیوز) ایران میں حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کے قتل کے بعد سوال کھڑا ہو رہا ہے کہ تنظیم کے اگلے سربراہ کون ہوں گے؟۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق تنظیم کے سربراہ کے چناؤ کا معاملہ خاص طور پر ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حماس غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کر رہی ہے، اس حوالے سے مشاورت شروع کردی گئی۔
رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ حماس کے موجودہ نظام میں چار اہم رہنما ہیں، جن کے حوالے سے قیاس آرئیاں ہیں کہ وہ اس اہم منصب کو سنبھال سکتے ہیں،حماس کے تنظیمی ڈھانچے کے مطابق مجلس شوریٰ نئے سربراہ کا انتخاب کرتی ہے، یہاں یہ مسئلہ بھی درپیش ہے کہ مجلس شوریٰ میں موجود متعدد رہنما اسرائیلی جیلوں میں بھی قید ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ اجلاس کے جلد نہ ہونے کی صورت میں خالد مشعل جو فلسطین میں حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ اور فلسطین سے باہر پولیٹیکل بورڈ کے سربراہ ہیں، قائم مقام سربراہ کی ذمہ داریاں مجلس شوریٰ کی جانب سے نئے سربراہ کی تعیناتی تک سنبھال سکتے ہیں۔