تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ہمیں تہران اور واشنگٹن کے درمیان تناؤ اور دشمنی کو سنبھالنا ہو گا، امریکا کے ساتھ کشیدگی پر قابو پانے کی کوشش کریں گے تاکہ ایران پر دباؤ کم ہو اور سخت پابندیاں ختم کرنے میں مدد مل سکے۔
اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی ہے کہ دشمنی کو ختم کرکے عوام پر اس کا دباؤ کم کریں، خارجہ پالیسی میں ہمسایہ ممالک، افریقی ممالک، چین اور روس سمیت دیگر ممالک کو ترجیح دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وائٹ ہاؤس غزہ جنگ بندی کے بارے میں پرامید، حماس سے نئی تجاویز ماننے کا مطالبہ
خبر ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی نے ایران کے خلاف جارحانہ پالیسیاں اختیار کرنے پر یورپی ممالک کو تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک صرف اس وقت ترجیح بنیں گے جب وہ اپنی غلط اور مخالفانہ پالیسیوں سے دستبردار ہوں گے۔
ایران اور امریکا کے درمیان 1980 کے بعد سے کوئی سفارتی تعلقات نہیں ہیں، عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 کے تاریخی معاہدے کے تحت جوہری پروگرام روکنے پر پابندیوں میں نرمی کی گئی۔