واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے مشیرِ قومی سلامتی جان کربی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور وہاں دفاعی فورس کو الرٹ رکھا ہوا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق مشیرِ قومی سلامتی جان کربی نے ورچوئل پریس بریفنگ کے دوران صحافی کے سوال پر قاہرہ میں غزہ امن مذاکرات کو تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت جاری ہے۔
ایران کے اسرائیل پر ممکنہ حملے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں جان کربی نے کہا ہے کہ یہ ماننا پڑے گا ایران اپنے مؤقف پر قائم اور حملے کے لیے تیار ہے۔
امریکی مشیرِ قومی سلامتی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کسی بڑی جنگ سے بچنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں اور ایک بڑی دفاعی فورس کو وہاں تعینات کر رکھا ہے تاکہ اسرائیل کے دفاع کو ممکن بنایا جاسکے۔