واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو یرغمالیوں کی رہائی کے لئے حماس کے ساتھ معاہدے کے لیے اپنی مکمل کوشش نہیں کر رہے۔
وائٹ ہاؤس میں امریکہ کی جانب سے غزہ جنگ میں مصالحت کاری کرنے والوں سے میٹنگ سے پہلے جب جوبائیڈن سے پوچھا گیا کہ کیا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو غزہ میں جنگ بندی کے لئے کافی کوششیں کر رہے ہیں، تو ان کا جواب تھا کہ ’نہیں۔‘
امریکی صدر نے کہا کہ مصالحت کار جنگ بندی معاہدے کے حوالے سے حتمی تجاویز اسرائیل اور حماس کو پیش کرنے کے بہت قریب ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے اجلاس کے لئے بائیڈن کے پہلے سے طے شدہ شیڈول کو از سر نو تشکیل دینا پڑا، اجلاس میں نائب صدر کملا ہیرس بھی شریک ہوں گی جو نومبر کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہیں۔