افغان طالبان نے غیر اسلامی کتابیں رکھنے پر پابندی عائد کر دی

Published On 21 November,2024 01:42 am

کابل: (دنیا نیوز) افغان طالبان حکومت نے غیر اسلامی کتابیں رکھنے پر پابندی عائد کردی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان طالبان حکومت نے دوسرے ملکوں سے درآمد کردہ کتب کا لائبریریوں اور دوسری جگہوں پر معائنہ کرتے ہوئے غیر اسلامی یا دین مخالف کتب پر پابندی لگا دی ہے، ان پابندیوں کی زد میں حکومت مخالف کتب بھی آئی ہیں۔

طالبان نے 2021ء میں برسر اقتدار آنے کے فوری بعد اپنے وزارت اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام ایک کمیشن قائم کیا تھا تاکہ وہ ان کتب کا لائبریریوں اور دکانوں پر جائزہ لیں اور جو کتب غیر اسلامی پائی جائیں ان پر پابندی لگائی جا سکے۔

طالبان حکومت کی وزارتِ اطلاعات نے اعلان کیا کہ اس نے 400 کتابوں کو اسلام دشمنی پر مبنی قرار دیا ہے، یہ کتب اسلام کے خلاف ہونے کے ساتھ ساتھ افغان اقدار کے بھی منافی ہیں، اس لئے ان کتب پر پابندی عائد کی جا رہی ہے، ان میں سے بڑی تعداد میں کتب کو مارکیٹوں سے اٹھا لیا گیا ہے۔

وزارت اطلاعات و ثقافت نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ طباعت و اشاعت اور قرآنی نسخے تقسیم کرنے کا محکمہ اور اس کے علاوہ دوسرے موضوعات پر تحریر کردہ اسلامی کتب کو پابندی کی زد میں آنے والی کتب سے تبدیل کیا جائے گا۔

تاہم فوری طور پر وزارت اطلاعات و ثقافت نے لائبریریوں اور مارکیٹ سے اٹھائی گئی کتب کی تعداد ظاہر نہیں کی، البتہ پبلشرز اور حکومت کے پاس ملازمین نے بتایا ہے کہ ٹیکس بکس کو طالبان حکومت کے پہلے سال اور ابھی حالیہ مہینوں میں مارکیٹوں سے اٹھا لیا گیا ہے۔

پبلشرز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کتب کی اشاعت کے حوالے سے ایک سینسر عائد ہے اور ہر طرف ایک خوف کی فضا ہے۔