ملائیشیا اور تھائی لینڈ میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی، 12 افراد ہلاک

Published On 01 December,2024 07:06 pm

کوالالمپور: (دنیا نیوز) ملائیشیا اور اس کے پڑوسی ملک تھائی لینڈ میں شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب سے کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی ملائیشیا میں ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہوئے ہیں جب کہ جنوبی تھائی لینڈ میں تقریباً 13 ہزارافراد اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

شدید بارشوں اور طوفان کی مزید وارننگز کے سبب ہلاکتوں اور بے گھر افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، پھنسے ہوئے رہائشیوں کو بچانے کے لیے ریسکیو اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے اور بے گھروں کو پناہ فراہم کی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا اور مقامی میڈیا پر چلنے والی ویڈیوز میں کاریں اور مکانات ڈوبے ہوئے ہیں اور لوگ کمر کے آنے والے گہرے پانی سے گزرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔

ڈیزاسٹر حکام نے بتایا ہے کہ سیلاب نے جنوبی تھائی لینڈ میں تقریباً پانچ لاکھ 34 ہزار خاندانوں کو متاثر کیا ہے اور طبی سہولیات کو سیلاب کے پانی سے بچانے کے لیے دو ہسپتالوں کو بند کرنا پڑا۔