غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں جنگ تھمی تو اسرائیل نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کا قتل عام تیز کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل فورسز کی جنین میں نہتے فلسطینیوں پر شدید بمباری، فوجی آپریشن میں 16 سال کے لڑکے سمیت پانچ فلسطینی شہید ہوگئے، مغربی کنارے میں 24 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوچکے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والے فلسطینی قیدی اپنے پیاروں کے پاس پہنچ گئے، غزہ واپسی پر ظلوم فلسطینیوں کے چہروں پر خوشی اور غم کے ملے جھلے تاثرات ہیں، بیشتر فلسطینی بیمار اور اسرائیلی تشدد سے زخمی ہیں، ان کو فاقہ کشی میں رکھا گیا۔
فلسطینی قیدیوں نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کی کوشش ہوتی تھی ہم جیل میں ہی مرجائیں، کھانے کیلئے تین دن بعد سوکھی روٹی دی جاتی تھی، روزانہ مارا پیٹا جاتا تھا۔
دوسری جانب حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا مغربی کنارے اور جنین کوضم کرنے کا خواب پورا نہیں ہوگا، اسرائیل کے قبضےاور فلسطینیوں کوان کی سرزمین سے بےدخلی کے ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔
ادھر عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کا مشترکہ اجلاس ہوا، عرب ممالک نےبھی فلسطینیوں کی نقل مکانی کومسترد کر دیا۔
عرب ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ حالات کوجواز بنا کر فلسطینیوں کوان کی سرزمین سے محروم نہیں کیا جا سکتا، مصر اور اردن میں فلسطینیوں کی آبادکاری اور ٹرمپ منصوبے کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل بنائیں گے۔