کیرولینا: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گورنر اور میئر کیلیفورنیا دونوں نااہل ہیں، لاس اینجلس کو پھر سے پر امن بنائیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کیرولینا میں فوج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو اپنے ملک میں پرتشدد مظاہرے نہیں کرنے دیں گے، میری انتظامیہ کے ہوتے ہوئے یہ انتشار نہیں رہے گا، امریکی پرچم نذر آتش کرنے والوں کو ایک سال کیلئے جیل بھیجیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وفاقی اداروں پر حملہ کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دیں گے، تارکین وطن نے احتجاج کے دوران امریکی پرچم نذر آتش کیا، غیر قانونی تارکین وطن کئی ممالک کی جیلوں سے امریکا پہنچے۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ بگ بیوٹیفل بل کے ذریعے سرحدوں کو محفوظ بنائیں گے، سعودی عرب، قطر اور یو اے ای سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری امریکا لایا ہوں۔