ایران پر اسرائیلی حملوں کے خلاف وائٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرے

Published On 19 June,2025 10:12 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ایران پر اسرائیلی حملوں کے خلاف امریکا میں وائٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

واشنگٹن سے خبر ایجنسی کے مطابق واشنگٹن میں ایرانی اور فلسطینی پرچم لہراتے لوگوں نے وائٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا اور اسرائیل مخالف نعرے لگائے، احتجاجی مظاہرے میں آرتھوڈوکس یہودیوں نے بھی شرکت کی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نیویارک شہر میں بھی سینکڑوں افراد نے احتجاجی ریلی نکالی، مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل سے مشرق وسطیٰ میں فوجی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب روس نے ایک بار پھر امریکا کو خبردار کردیا کہ امریکا، اسرائیل ایران تنازع میں فوجی مداخلت سے گریز کرے۔

ماسکو سے خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی شہر بوشہر میں جوہری پلانٹ میں روسی ماہرین کام کر رہے ہیں اور بوشہر میں ایران کا واحد فعال جوہری پاور پلانٹ ہے۔