افغان طالبان رجیم اور بھارت کا گٹھ جوڑ، گودی میڈیا پراپیگنڈا مشین بن گیا

Published On 16 October,2025 10:16 am

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) افغان طالبان رجیم اور بھارت کا گٹھ جوڑ ہونے پر بھارتی میڈیا پاکستان مخالف افغان جارحیت پر پراپیگنڈا مشین بن گیا، اے آئی کے استعمال سے جھوٹی خبریں پھیلانے لگا۔

نام نہاد امارات اسلامی کے علم بردار افغان طالبان بدقسمتی سے بھارت کے ہاتھوں میں کھیلنے لگے ہیں جبکہ بھارت اپنے مفاد کیلئے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کو استعمال کر رہا ہے۔

بھارتی میڈیا افغان جارحیت کے حوالے سے پراپیگنڈا خبریں پیش کر رہا ہے ، 15 اکتوبر کو پاکستانی ٹینک افغان طالبان کی جانب سے قبضے میں لینے کا جھوٹا پراپیگنڈا افغان ترجمان ذبیح اللہ نے کیا، ایکس اکاؤنٹ سے جھوٹے اور بے بنیاد بیان کو بھارتی ذرائع ابلاغ نے خوب اچھالا۔

فیکٹ چیک گروک نے اس جھوٹ سے پردہ اٹھایا کہ روسی ساختہ ٹینک دراصل افغان طالبان کے زیر استعمال ہے۔

ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے ذبیح اللہ نے دوستی گیٹ کو تباہ کرنے کے حوالے سے بھی بیان جاری کیا ، بھارتی میڈیا نے اسے پاکستانی سمت کا بنا کر خوب پراپیگنڈا کیا جبکہ حقیقت میں افغان دوستی گیٹ کوافغاستان کی طرف افغان طالبان کی جانب سے آئی ای ڈی لگا کر اڑایا گیا۔

پاکستانی سمت میں موجود گیٹ اپنی اصلی حالت میں موجود ہے جسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

بھارتی اور افغان میڈیا کی جانب سے کابل میں بم دھماکے کو بھی آئل ٹینکر پھٹنے سے منسوب کیا گیا، کابل میں یہ دھماکہ پاک فوج کی جانب سے precision strikes کے نتیجے میں ہوا۔

بھارت کا گودی میڈیا اپنے مذموم عزائم کیلئے فیک اور اے آئی کے ذریعے جعلی ویڈیوز بنانے میں مصروف ہے، گودی میڈیا نے شمالی وزیرستان کے شہری عادل داوڑ کو بھی شہید پاکستانی فوجی قرار دیا۔

شہری عادل داوڑ نے ویڈیو پیغام میں خود تمام جھوٹے دعوؤں کو رد کیا۔

یہ چار بڑے جھوٹ اس بات کا ثبوت ہیں کہ فتنہ الخوارج اور افغان طالبان اب بھارت کے جھوٹے پراپیگنڈا دوڑ میں شامل ہو چکے ہیں ، بھارتی حکومت اور میڈیا اس وقت افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کا ترجمان بن چکا ہے، گودی میڈیا جھوٹی خبروں اور منظم پراپیگنڈا کیلئے حقائق کو مسخ کرنے کا تسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے پراپیگنڈا کا جواب شواہد اور ثبوتوں کے ساتھ دیا ہے، معرکہ حق کے دوران بھی پاکستان نے بھارتی پراپیگنڈا کا مقابلہ عالمی سطح پر شواہد کے ساتھ کیا، پاکستان اس وقت بھی افغان جارحیت کے دوران شواہد کے ساتھ حقائق پیش کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاک فوج نے طالبان اور فتنہ الخوارج کے بھارت کے ساتھ مشترکہ مذموم عزائم خاک میں ملا دیے ہیں۔