سوڈان: ریپڈ سپورٹ فورسز کا سعودی ہسپتال پر حملہ، 460 افراد قتل

Published On 31 October,2025 08:43 am

دارفور: (دنیا نیوز) سوڈان کے علاقے دارفور میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے جنگجوؤں نے ہسپتال میں گھس کر 460 افراد کو قتل کردیا۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سوڈان کی ریپڈ سپورٹ فورسز نے شمالی دارفور کے صوبائی دارالحکومت پر قبضہ کرنے کے بعد مریضوں سمیت ہسپتال میں موجود سیکڑوں افراد کو قتل کردیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریپڈ سپورٹ فورسز کے جنگجوؤں نے گھروں میں گھس کر بھی لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، الفاشر میں تین دن میں 1700 سے زائد افراد کو نسل کشی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

سوڈان پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے 2 سال سے جاری جھڑپوں میں اب تک 40 ہزار افراد مارے گئے ہیں، اس تنازع میں ایک کروڑ چالیس لاکھ سے زیادہ افراد کے بے گھر ہونے سے دنیا کا بدترین انسانی بحران پیدا ہوگیا ہے۔

الفاشر میں ریپڈ سپورٹ فورس کے قبضے کے بعد ہزاروں شہریوں کے قتل عام اور نسلی بنیادوں پر جنسی زیادتی اور دیگر مظالم کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، شہر میں تقریباً ایک لاکھ 77 ہزار عام شہری پھنسے ہوئے ہیں، جو محفوظ مقامات تک نہیں پہنچ پا رہے، آر ایس ایف نے نہتے شہریوں پر نسلی بنیادوں پر حملے کیے جن میں ہزاروں لوگ مارے گئے۔

رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ بے شمار شہریوں کو زندہ جلایا گیا جبکہ کچھ کو زبردستی اپنی قبریں کھودنے اور خود کو دفنانے پر مجبور کیا گیا، شہر میں گھروں پر حملے، خواتین سے جنسی زیادتی اور موقع پر ہی قتل کے واقعات کی تصدیق ہوئی ہے۔

عالمی اداروں کے مطابق صرف چند گھنٹوں میں 2 ہزار کے قریب افراد مارے گئے، ڈاکٹرز یونین کے مطابق شہر سے بچ نکلنے والے شہریوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ جو لوگ گاڑیوں میں فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، انہیں ان کی گاڑیوں سمیت جلا دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق صرف 2 دنوں میں 36 ہزار سے زائد افراد شہر چھوڑنے پر مجبور ہوئے جبکہ 28 ہزار افراد اب بھی شمالی دارفور کے دوسرے علاقوں میں پناہ تلاش کر رہے ہیں، سب سے دل دہلا دینے والا واقعہ الفاشر کے سعودی ہسپتال میں پیش آیا جہاں آر ایس ایف اہلکاروں نے 450 سے زائد زخمیوں اور مریضوں کو موقع پر ہی گولی مار کر ہلاک کر دیا، اسی دوران ایک ہزار 2 سو سے زیادہ بزرگ، مریض اور طبی عملہ بھی مختلف میڈیکل مراکز میں مارے گئے۔

ڈاکٹرز یونین نے اس صورتحال کو نسل کشی اور انسانیت کے خلاف سنگین جرائم قرار دیا ہے، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر سوڈان کے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔