اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 کی میزبانی اسلامی ملک کو مل گئی

Published On 23 November,2025 03:13 am

انقرہ: (دنیا نیوز) ماحولیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کوپ 31 کی میزبانی اسلامی ملک ترکیہ کو مل گئی ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق ترکیہ سال 2026ء میں کوپ 31 کی صدارت اور میزبانی کرے گا، ترکیہ میں ہونے والی کوپ 31 کانفرنس میں 196 ممالک کے رہنما شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ رواں سال حال ہی میں کوپ 30 اجلاس برازیل میں ہوا تھا، یہ عالمی سطح کا وہ فورم ہے جہاں مختلف ممالک ماحولیاتی بحران اور گلوبل وارمنگ کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمتِ عملی طے کرتے ہیں۔

ہر سال ہونے والا یہ اجلاس اقوامِ متحدہ کے تحت ماحولیاتی تبدیلیوں پر بنائے گئے معاہدے یو این فریم ورک موسمیاتی تبدیلی کا حصہ ہے، جو 1992ء میں برازیل ہی کے شہر ریو ڈی جنیرو میں طے پایا تھا جس کے تحت تمام ممالک مل کر موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر قابو پانے کے پابند ہیں، تاہم زیادہ ذمہ داری اُن امیر ممالک پر عائد کی گئی جو کاربن کے زیادہ اخراج کے ذمہ دار ہیں۔