دہشت گردی کا گڑھ افغانستان امن و استحکام کے لیے خطرہ

Published On 24 November,2025 10:54 am

کابل، ماسکو: (دنیا نیوز) افغانستان میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس پر عالمی اداروں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن میں عالمی عہدیداران کی جانب سے پاکستان کے مؤقف کی تائید کی گئی ہے۔

افغان جریدے افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق ایس سی او کے عہدیداران نے متنبہ کیا کہ افغانستان میں دہشت گرد گروہ زیادہ فعال ہو رہے ہیں۔

سربراہ اینٹی ٹیررسٹ اسٹرکچر (ایس سی او) اولاربیک شارشییف نے خبردار کیا کہ بین الاقوامی دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیاں افغانستان اور شام میں بڑھ گئی ہیں، دہشت گرد گروہ حملے، سلیپر سیل کے قیام اور فنڈ اکٹھا کرنے کیلئے دائرہ کار بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اولاربیک نے کہا ہے کہ افغانستان میں سرگرم دہشتگرد گروہ تیسرے ممالک کی جعلی دستاویزات استعمال کر رہے ہیں۔

آزاد ریاستوں کی انسداد دہشت گردی تنظیم کے سربراہ یوجینی سسویف نے کہا کہ دہشت گرد گروہ علاقائی اثرو رسوخ میں اضافے کیلئے افغانستان میں نقل و حرکت بڑھا رہے ہیں۔

افغانستان میں سرگرم دہشت گرد گروہوں پر عالمی تشویش پاکستان کے مؤقف کی جیت ہے۔