انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ میں سیاحتی مقصد کے لئے آئے ایک خاندان کے چار افراد کی پر اسرار ہلاکت ہو گئی ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ خاندان جرمنی سے استنبول کی سیر کے لئے نومبر کے وسط میں آیا تھا، شبہ ہے کہ اس سیاح خاندان کے چار افراد کی ہلاکت کیڑے مار دوائی کی صورت میں چھڑکی گئی گیس سے ہوئی ہے، اس سلسلے میں ابتدائی رپورٹ پراسیکیوٹر آفس کو بھجوا دی گئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ خدشہ ہے کہ ان کے کھانے میں فاسفین نامی خطرناک گیس کے اثرات تھے، یہ زہریلی گیس کیڑے مکوڑے مارنے کے لئے استعمال کی جاتی ہے، امکان ہے کہ جہاں یہ لوگ رہائش پذیر تھے وہاں کیڑے مار دوائی کا چھڑکاؤ ہوا تھا جس کے اثرات کمرے میں کہیں موجود تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس امر کا ثبوت ملا ہے کہ زہریلے کیمیکل والی پراڈکٹ ہوٹل سے استعمال کی گئی تھی، اس لیے یہ بات اب ٹھوس ثبوت کی بنیاد پر سامنے آرہی ہے کہ جرمن خاندان فاسفین گیس کی وجہ سے ہلاک ہوا۔
مرنے والے خاندان کے دوبچوں کی عمریں تین اور چھ سال تھیں، ان بچوں کی موت پہلے ہوئی اور بعد ازاں ماں باپ بھی چل بسے، یاد رہے تفتیش کاروں نے سب سے پہلے فوڈ پوائزننگ کا شبہ ظاہر کیا تھا۔



