برطانیہ میں ڈاکٹر پر 38 مریضوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات عائد

Published On 07 December,2025 09:30 am

برمنگھم: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے شہر برمنگھم سے تعلق رکھنے والے سابق ڈاکٹر نیتھنیئل سپینسر پر درجنوں مریضوں سے جنسی زیادتی کے الزامات عائد کر دیئے گئے، مریضوں میں 13 سال سے کم عمر بچے بھی شامل تھے۔

برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق کراؤن پراسیکیوشن سروس کے ڈپٹی چیف پراسیکیوٹر بین سیمپلز نے کہا کہ ہمارے پراسیکیوٹرز نے سٹافورڈ شائر پولیس کی جانب سے کی جانے والی تفصیلی اور پیچیدہ تحقیقات میں بھرپور تعاون کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دستیاب شواہد کا بغور جائزہ لیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مقدمہ چلانے کے لیے کافی ثبوت موجود ہیں اور عوامی مفاد میں فوجداری کارروائی کو آگے بڑھانا ضروری ہے۔

یہ الزامات رائل سٹوک یونیورسٹی ہسپتال اور رسلز ہال ہسپتال میں مبینہ جنسی جرائم کی تحقیقات کے بعد سامنے آئے ہیں۔

سپینسر 20 جنوری کو نارتھ سٹافورڈ شائر جسٹس سینٹر میں پیش ہوں گے، ان پر 45 الزامات عائد کیے جائیں گے جن میں 15 بار جنسی زیادتی، 17 بار جنسی حملہ، نو بار 13 سال سے کم عمر بچے کے ساتھ جنسی زیادتی، تین بار 13 سال سے کم عمر بچے پر جنسی حملہ اور دیگر الزامات شامل ہیں۔