جاپان کا چین پر جنگی طیاروں کو فائر کنٹرول ریڈار سے نشانہ بنانے کا الزام

Published On 07 December,2025 02:22 pm

ٹوکیو: (دنیا نیوز) جاپان نے کہا ہے کہ چینی لڑاکا طیاروں نے اوکیناوا کے قریب جاپانی طیاروں پر فائر کنٹرول ریڈار استعمال کیا، جسے جاپان خطرناک قرار دیتا ہے اور چین سے احتجاج کیا ہے جبکہ چین نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

جاپانی وزیر دفاع شنجیرو کوئی زومی نے کہا کہ اوکیناوا کے قریب پیش آنے والے دو حادثات میں چینی جنگی طیاروں نے جاپانی طیاروں کو فائر کنٹرول ریڈار سے نشانہ بنایا، جو فضائی سلامتی کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ کارروائی محفوظ پرواز کے تقاضوں سے کہیں آگے تھی۔

چین نے جاپان کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ جاپانی طیارے بار بار چینی بحریہ کے قریب آئے اور ان کی کارروائیوں میں خلل ڈال رہے تھے، چین مشرقی میاکو اسٹریٹ کے قریب پہلے سے اعلان شدہ بحری مشقیں کر رہا تھا، جن کے دوران جاپانی طیاروں کی پروازیں خطرناک ثابت ہو رہی تھیں۔

واضح رہے کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ برسوں کے سب سے سنجیدہ فضائی تصادم ہیں، جو خطے میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں، جاپان نے اس واقعہ کے بعد F-15 لڑاکا طیارے سکرمبل کیے جبکہ چین کے طیارے لیاؤ ننگ طیارہ بردار جہاز سے اڑائے گئے۔

چین اور جاپان کے درمیان تعلقات گزشتہ مہینے سے کشیدہ ہیں، جب جاپانی وزیر اعظم سانائی تاکائیچی نے خبردار کیا تھا کہ اگر چین نے تائیوان کے خلاف فوجی کارروائی کی اور جاپان کی سلامتی کو خطرہ پہنچا، تو جاپان بھی جواب دے گا۔

فائر کنٹرول ریڈار کا ہدف بنانا ایک دھمکی سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ ممکنہ حملے کا اشارہ دیتا ہے اور ہدف بننے والے طیارے کو بچاؤ کے لیے اقدام کرنا پڑ سکتا ہے۔

چینی بحریہ کے وانگ ژو مین نے کہا کہ جاپان کا بیان غلط ہے اور اس کی کارروائی پرواز کی حفاظت کے لیے خطرہ تھی، جاپان کو غلط بیانی اور بدنامی بند کرنی چاہئے، چینی بحریہ اپنے قانونی حقوق اور سلامتی کا دفاع کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔

دوسری طرف آسٹریلیا نے کہا کہ چین کی کارروائیوں پر گہری تشویش ہے اور وہ جاپان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

جاپان میں امریکی فوج کی سب سے بڑی بیرون ملک موجودگی ہے، جس میں جنگی جہاز، طیارے اور ہزاروں میرین شامل ہیں، امریکا کا ریاستی محکمہ اور ٹوکیو میں امریکی سفارتخانہ فوری طور پر جاپان کے الزامات پر تبصرہ نہیں کر سکا۔