صدرِ امارات کی میک اٹ ان دی ایمریٹس نمائش میں وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد سے ملاقات

صدرِ امارات کی میک اٹ ان دی ایمریٹس نمائش میں وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد سے ملاقات

دبئی میڈیا آفس کے مطابق یہ ملاقات نمائش کے پانچویں ایڈیشن کے موقع پر ہوئی، جہاں قومی صنعتی ترقی اور مستقبل کی پیداواری صلاحیت سے متعلق پیش رفت نمایاں رہی۔

رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دورے کے دوران مختلف اہم شعبوں میں قومی صنعتوں کی مسابقت، تیاری اور وسعت بڑھانے کے لیے پیش کی گئی نئی اختراعات، مصنوعات اور اقدامات کا جائزہ لیا۔ صدرِ امارات کو نمائش میں شریک اداروں کی جانب سے ان اہم منصوبوں اور اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی جو اس ایونٹ کے دوران پیش کیے گئے۔

شیخ محمد بن زاید نے اس موقع پر کہا کہ صنعتی شعبہ قومی معیشت کی مضبوطی اور تنوع کے لیے ایک بنیادی ستون ہے، اور اس کے کردار کو مزید مستحکم کرنا یو اے ای کی اس حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد قومی صنعتوں کو بااختیار بنانا، جدت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا، اور اماراتی صلاحیتوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

علاوہ ازیں، انہوں نے نمائش میں بھرپور شرکت کو بھی یو اے ای کے صنعتی شعبے کی پیش رفت اور اس کی مسابقتی طاقت کا مظہر قرار دیا۔