خلاصہ
- نئے ڈیزائن والے 500 روپے کے نوٹ خواہ ان پر او وی آئی پرچم ہو یا نہ ہو ،اصلی ہیں:اعلامیہ
کراچی : (روزنامہ دنیا ) او وی آئی پرچم کے بغیر 500 روپے والے نوٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا کے بعض حلقوں میں خبریں گردش کر رہی ہیں۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 500 روپے کا نئے ڈیزائن والا نوٹ 2006ء میں متعارف کرایا تھا، پہلے سے مختلف سائز، ڈیزائن اور رنگ کے حامل ان نوٹوں میں جدید ترین سیکیورٹی خصوصیات موجود ہیں، بعد میں ایک اور سیکیورٹی خصوصیت بھی شامل کر دی گئی ، یعنی آپٹیکل ویری ایبل انک (او وی آئی) سے بنا ہوا رنگ بدلنے والا پرچم بھی ان نوٹوں پر ثبت کیا گیا ، تاکہ جعل سازی کی روک تھام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور عام لوگ اصل نوٹ کو بآسانی پہچان سکیں،تاہم اس کے نتیجے میں 500 روپے کے دونوں طرح کے نوٹ دستیاب ہو گئے،یعنی 2006ء سے 2009ء تک جاری کیے گئے بغیر او وی آئی والے نوٹ اور 25 جنوری 2010ء سے موثر ہونے والے نوٹ جو او وی آئی خصوصیت رکھتے ہیں۔ چنانچہ تمام متعلقہ فریقوں کے مفاد میں یہ واضح کیا جاتا ہے کہ نئے ڈیزائن والے 500 روپے کے نوٹ خواہ ان پر او وی آئی پرچم ہو یا نہ ہو، اصلی ہیں۔
یہ خبر انگریزی میں پڑھیں: State Bank of Pakistan clarifies authenticity of Rs 500 banknotes without OVI