گیس خریداری، پاکستان کا روس کیساتھ اربوں ڈالرز کا معاہدہ کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 25 September,2018 11:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستانی حکومت نے روس کے ساتھ 1 ارب مکعب فٹ گیس یومیہ خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، تقریباً 10 ارب ڈالر کے معاہدے پر دونوں ممالک کی جانب سے بدھ کے روز دستخط ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے روس سے یومیہ پچاس کروڑ سے 1 ارب مکعب فٹ گیس خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پٹرولیم ڈویژن کا وفد روس کے دورے پر روانہ ہو گا۔

ذرائع پٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ وفد میں ایم ڈی انٹرسٹیٹ گیس سسٹم اور ایڈیشنل سیکرٹری سمیت دیگر حکام شامل ہوں گے۔ روس کے دارالحکومت ماسکو میں ‏دونوں ممالک کےدرمیان گیس کی فراہمی کے ایم او یو پر دستخط ہونگے۔

روسی کمپنی گیزپروم اور پاکستانی کمپنی انٹرسٹیٹ گیس سسٹم کے درمیان منصوبے کے حوالے سے معاہدہ ہو گا۔ پاکستان کی جانب سے ایم ڈی انٹرسٹیٹ گیس مبین صولت معاہدے پر دستخط کریں گے۔

‏روسی کمپنی سمندر کے راستے گیس فراہمی کے لیے پائپ لائن بچھائے گی۔ ‏پاکستان روس سے 50 کروڑ سے 1 ارب مکعب فٹ یومیہ گیس خریدے گا۔

پائپ لائن کی تعمیر کا منصوبہ تین سے چار سال میں مکمل ہو گا۔ ‏روسی کمپنی بلٹ، اون، آپریٹ اینڈ ٹرانسفر کی بنیاد پر منصوبہ مکمل کرے گی۔ منصوبے کی اصل لاگت کا تخمینہ فزیبلٹی رپورٹ کے تیار ہونے کے بعد ہوگا۔