ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کی بنیادی وجہ قیاس آرائیاں ہیں: اسد عمر

Last Updated On 05 April,2019 03:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر ڈالر کی قیمت سے متعلق آئی ایم ایف سے کوئی بات نہیں ہوئی، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کی بنیادی وجہ قیاس آرائیاں ہیں، اسحاق ڈار مشورے دینے کے بجائے قانون کا سامنا کریں۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بر وقت اقدامات کر کے تجارتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خساروں کو کم کیا، جاری کھاتوں کے خسارے میں 72 فیصد کمی آئی ہے، ڈالر کی قیمت سے متعلق آئی ایم ایف سے کوئی بات نہیں ہوئی، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کی بنیادی وجہ قیاس آرائیاں ہیں۔

قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان میں بڑی کمپنیز موجود ہیں تاہم وہ صرف ملک کی اندرونی ضروریات پوری کرتی ہیں، پاکستان مجموعی طور پر300 ارب ڈالر کی معیشت ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ بچتوں کے فروغ میں اپنی صلاحیت سے کم نتائج دے رہی ہے، دنیا کھربوں ڈالرکی مارکیٹ ہے جس میں مناسب سرمایہ کاری کیلئے ہمیں اپنے قوانین کو دنیا کے بہتر قوانین پر منتقل کرنا ہے۔