کراچی: (دنیا نیوز) انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 1 روپے 33 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 1 روپے 50 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سٹاک مارکیٹ میں 465 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔
امریکی ڈالر کی قدر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے، انٹربینک مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر میں 1روپے 33 پیسے کااضافہ دیکھا گیا جس کے بعد مارکیٹ میں ڈالر 152 روپے 90 پیسےپر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے 50 پیسے مہنگا ہو کر ڈالر 153 روپے 50 پیسے پر پہنچ گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق جون میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے 98 پیسے مہنگا ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے 50 پیسے مہنگا ہوا، امریکی کرنسی کی قدر بڑھنے کے بعد ملکی قرضوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ ڈالر بڑھنے سے بیرونی قرضے 490 ارب روپے بڑھ گئے۔
دوسری طرف سٹاک مارکیٹ میں 465 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی جس کے بعد حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 35403 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس ایک موقع پر 35501 پر بھی دیکھا گیا تاہم کچھ دیر انڈیکس میں تنزلی دیکھی گئی جو واپس 34858 پر واپس آئی۔ تاہم کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ 465 پوائنٹس اضافے کے بعد 35403 پر بند ہوئی۔
دوسری طرف ملک بھر میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا، فی تولہ سونے کی قیمت میں 600 روپے کی بڑھوتری دیکھی گئی جس کے بعد ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 73 ہزار 200 روپے ہو گئی ہے۔