گاڑی رجسٹریشن یاٹوکن ٹیکس میں تبدیلی نہیں کی، ایف بی آر

Last Updated On 03 July,2019 01:39 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) ایف بی آر نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی بجٹ میں گاڑیوں کے رجسٹریشن ٹیکس یا ٹوکن ٹیکس کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جاری وضاحتی بیان کے مطابق اس غلط فہمی کی وجہ فنانس بل میں پائی جانے والی ٹائپنگ کی ایک غلطی تھی جس کی فنانس ایکٹ میں تصحیح کی گئی۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن کے وقت وصول کئے جانیوالے ٹیکس کی شرح وہی ہے جو پچھلے سال تھی، اس میں کمی یا اضافہ کیا گیا نہ ہی پرائیویٹ گاڑیوں پر سیٹ کے حساب سے کوئی ٹیکس لگایا گیا ہے تاہم ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرانیوالے افراد بہرحال ایکٹو ٹیکس پیئرلسٹ پر موجود افراد کی نسبت دوگنا ٹیکس ادا کریں گے۔

بیان کے مطابق کوئی شخص اگر سمجھتا ہے کہ وہ گوشوارہ جمع کرانے کا مجاز نہیں تو وہ ایف بی آر کو اس کی پیشگی اطلاع کر دے، اس کا اضافی ٹیکس معاف کیا جا سکتا ہے۔ اکنامک رپورٹر کے مطابق گاڑی کی نئی رجسٹریشن، ٹرانسفر و ٹوکن ٹیکس ادائیگی سمیت سیٹ کے حساب سے ودہولڈنگ ٹیکس میں اضافے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا، ٹیکس کے پرانے ریٹ بحال کر دیئے گئے، سابق ریٹس کو سسٹم میں اپ ڈیٹ آج کر دیا جائے گا۔