سٹاک مارکیٹ میں 204 پوائنٹس کی تیزی،مزید2 حدیں بحال،ڈالرکی قدرمستحکم

Last Updated On 28 October,2019 07:47 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز ایک مرتبہ پھر بڑی تیزی دیکھی گئی، 100 انڈیکس 204 پوائنٹس بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے آخری ہفتے کے کاروباری پہلے روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بڑی تیزی دیکھی گئی، تیزی کے باعث مزید دو حدیں بحال ہو گئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 33700 اور 33800 کی شامل ہیں۔

 یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز حصص مارکیٹ 105 پوائنٹس کی کمی کے بعد 33 ہزار 657 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی تھی۔

آج کاروباری روز 0.6 فیصد کاروبار بڑھا، ایک موقع پر ملکی سٹاک مارکیٹ 34000 کی نفسیاتی حد بھی بحال کر گئی تھی تاہم اس دوران انویسٹرز کی طرف سے دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل کیا تو مارکیٹ میں بڑی مندی دیکھی گئی۔ مندی کے باعث 100 انڈیکس 33572.36 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا تھا۔

کاروباری آخری لمحات میں پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈرز کی طرف سے زبردست دلچسپی دیکھی گئی اور حصص مارکیٹ کا انڈیکس 33861.59 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ آج ہونے والی تیزی کے باعث شیئرز کی مالیت 30 ارب روپے سے زائد بڑھ گئی۔

معاشی ماہرین کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں شیئرز کی کم مالیت کو دیکھتے ہوئے سرمایہ کار شیئرز کی خریداری کررہے ہیں۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر مستحکم رہی، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 156 روپے جبکہ انٹر بینک میں ڈالر 155 روپے 88 پیسے پر بند ہوا۔