کابل: پاکستانی سفارتخانے میں یوم سیاہ کشمیر کی تقریب روکنے کی کوشش

Last Updated On 27 October,2019 09:27 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں یوم سیاہ کشمیر کی تقریب روکنے کی کوشش کی گئی۔ افغان مظاہرین کی سفارتخانے کے باہر ہٹ دھرمی، پاکستان مخالف نعرہ بازی کی گئی۔

کشمیر کے حوالے سے پاکستانی سفارتخانے میں یوم سیاہ کی تقرب کا انعقاد کیا گیا جس میں سفارتکاروں، صحافیوں، سول سوسائٹی اور سیاسی عمائدین کو مدعو گیا گیا تھا۔

افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر زاہد نصر اللہ کا کہنا ہے کہ تقریب کے شروع ہونے سے پہلے پاکستانی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ شروع ہوا، مظاہرین پاکستان مخالف نعرے لگاتے رہے۔

پاکستانی سفیر کے مطابق مظاہرے کے باعث مہمان سفارتخانے نہیں پہنچ سکے۔ سفارتخانے آنے والے مہمانوں کو ڈنڈا بردار مظاہرین دھمکاتے رہے جس کے باعث وہ تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔

سفیر کا کہنا ہے کہ افغان حکام سے رابطے کی کئی بار کوشش کی گئی تاہم کوئی جواب نہیں ملا۔ پولیس سے رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ اوپر سے آرڈر ہیں، مظاہرین کا کچھ نہیں کر سکتے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق افغان پولیس اور حکومت کی ملی بھگت سے ہی مظاہرین نے سفارتخانے کی گیٹ تک پہنچ کر مظاہرہ کیا اور مہمانوں کو روکا۔