آج یوم سیاہ، جنت نظیر وادی کو جہنم بنے 72 سال گزر گئے، کشمیری تاحال حق سے محروم

Last Updated On 27 October,2019 09:26 pm

مظفرآباد: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے، جنت نظیر وادی کو جہنم بنے 72 سال گزر گئے تاہم کشمیری آج بھی آزادی کے حق سے محروم ہیں، کنٹرول لائن کے دونوں اطراف احتجاج جاری ہے، پاکستان کا بھی مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ، شہر شہر ریلیاں اور مظاہرے کئے جا رہے ہیں.

مقبوضہ کشمیر پربھارتی قبضے کو 72سال ہو گئے، کشمیری آج بھی حق سے محروم ہیں۔ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر قبضہ کیا، آج پاکستان اور ایل او سی کے دونوں جانب کشمیری اس دن کو یوم سیاہ کے طور پرمنا رہے ہیں۔ حریت کانفرنس نے لال چوک کی جانب مارچ کا اعلان کیا ہے، پاکستان میں بھی شہر شہر ریلیاں اور مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ 

صدر مملکت عارف علوی نے یوم سیاہ کشمیر کےموقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کشمیریوں کےساتھ کھڑا ہے اور پوری دنیا میں کشمیریوں کے حقوق کی بات کرتا ہے، کشمیریوں کا مقدمہ پاکستان کا مقدمہ ہے، ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ اٹھائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر عالمی برادری سے کشمیر میں بھارتی مظالم ختم کرانے کا مطالبہ کیا ہے اور حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا بھارتی ریاستی دہشت گردی آج پہلے سے کہیں زیادہ سفاکانہ رخ اختیار کر گئی ہے، نام نہاد "بڑی جمہوریت" ہونے کے دعویدار بھارت کا اصل چہرہ مکمل طورپر بے نقاب ہوچکا ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا 27 سال پہلے آج کےدن بھارتی افواج نے جنت نظیر وادی پرغیر قانونی قبضہ کیا اور اب 5 اگست سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو عملاً ایک جیل میں تبدیل کر دیا ہے، بھارت نےغیرقانونی ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیرمیں آبادی کا تناسب تبدیل کرنےکے اقدامات کیے۔