ملتان میں پرائس کمیٹیاں غیر فعال، سبزیوں کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ

Last Updated On 12 November,2019 09:23 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے غیر فعال ہونے کے باعث دیگر اشیا خورونوش کی قیمتوں کے ساتھ سبزیوں کی قیمتوں میں بھی کئی گنا تک اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث ادرک، لہسن، ٹماٹر سمیت دیگر بنیادی اشیا بھی شہریوں کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔

ملتان کی سبزی منڈی میں آڑھتیوں نے سبزیوں کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے ادرک 4 سو روپے فی کلو، لہسن 240، پیاز2سو، ٹماٹر 2 سو 20 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے جبکہ مٹر 180، گوبھی 110، بینگن 1سو اور بھنڈی کے 1 سو 90 روپے فی کلو کے ریٹ وصول کیے جا رہے ہیں جس سے شہریوں کی معاشی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ خود ساختہ نہیں ہے بلکہ بڑھتی ہو ئی مہنگائی کا نتیجہ ہے۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ سبزیوں کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے ان کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے اب حکومت سبزیوں سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی کر کے انھیں ریلف فراہم کرے۔