ملتان کی اہم شاہراہوں پر تجاوزات مافیا کا راج، حکام کنٹرول کرنے میں ناکام

Last Updated On 17 October,2019 10:59 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ضلعی انتظامیہ تجاوزات کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ شہر کے چوراہوں اور اہم شاہراہوں پر تجاوزات مافیا کا راج برقرار ہے۔

تجاوزات کیخلاف سینکڑوں کارروائیاں بھی کسی کام نہ آئیں، ملتان میں درجنوں مقامات ایسے ہیں جہاں کی مصروف شاہراہوں پر ہر طرف پھل فروٹ اور سبزیوں کی ریڑھیاں ہی دکھائی دیتی ہیں۔ شہر کے تمام بازاروں میں دکانوں کے آگے بھی تجاوزات کی بھرمار ہے جبکہ رہی سہی کسر سڑک کنارے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز نے پوری کر رکھی ہے جس سے سڑک پر شہریوں کیلئے ڈرائیو کرنا اور فٹ پاتھ پر پیدل چلنا بھی اب دشوار ہوتا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کیخلاف کاغذی آپریشن روز کئے جاتے ہیں جس میں میونسپل کارپوریشن کا عملہ سڑک کنارے موجود تجاوزات کو ختم کرتا ہے جو ایک سے دو گھنٹے بعد چند پیسوں کے عوض وہیں سامان مالکان کو دوبارہ واپس بھی کر دیا جاتا ہے۔ اس صورتحال کے سبب شہر میں تجاوزات روز بروز بڑھ رہی ہیں تاہم ڈپٹی کمشنر ضلعی انتظامیہ کی کاکردگی سے مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔

ضلعی اتتظامیہ کی جانب سے کچھ ماہ قبل بھاری مشینری کی مدد سے سرکاری اراضی اور قبرستانوں کی زمینوں پر بنائی گئیں پکی تجاوزات کو مسماربھی کیا گیا تاہم تجاوزات مافیا نے ان تمام جگہوں پر دوبارہ پنجے گاڑھ لیے ہیں جس سے شہر کی خوبصورتی ماند پڑ گئی ہے۔