سبزیو ں کی قیمتیں مستحکم نہ ہوئیں، ٹماٹر 110، پیاز کی قیمت 57 روپے کلو مقرر

Last Updated On 29 December,2019 03:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سبز مصالحہ جات اور موسمی سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام نہ آیا، ٹماٹر کے نرخ 90 روپے سے بڑھا کر 110 روپے فی کلو، پیاز کی قیمت 57 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی۔ انتظامیہ مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد کروانے میں بھی ناکام دکھائی دینے لگی۔

سبزیوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری، موسمی سبزیاں اور سبز مصالحہ جات عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگے، انتظامیہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہو گئی۔ اتوار بازاروں میں بھی اشیاء مہنگے داموں دستیاب ہیں۔

مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے ٹماٹر کی قیمت 110 روپے مقرر تاہم فروخت 150 روپے فی کلو ہورہا ہے، پیاز کی قیمت 57 روپے لیکن فروخت 80 روپے فی کلو میں کیا جا رہا ہے۔ لہسن دیسی 227 کی بجائے 250 روپے، کریلے 78 روپے فی کلو کی بجائے 100روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ پھول گوبھی 60 کی بجائے 80، بند گوبھی 38 کی بجائے 50 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔

اتوار بازار میں آئے خریداروں کا کہنا ہے کہ سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ مقرر کردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے، شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پائے۔