انٹر بینک میں ڈالر85 پیسے مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں 600 پوائنٹس اضافہ

Last Updated On 11 March,2020 12:09 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی بے قدری جاری ہے، 6 ماہ بعد ڈالر 158 روپے سے تجاوز کر گیا۔ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں 600 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

 آج کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک میں 85 پیسے مہنگا ہونے کے بعد ڈالر 158 روپے 30 پیسے پر ٹریڈ ہوا۔ واضح رہے ڈالر 3 دن میں 4 روپے 5 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں 600 پوائنٹس اضافے کے بعد 100 انڈیکس 38 ہزار 295 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

واضح رہے عالمی سطح پر کرونا وائرس کے سبب کچھ عرصے سے معیشت تنزلی کا شکار ہے، رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی دیکھی گئی تھی، انڈیکس 1160.72 پوائنٹس گر گیا تھا اور سرمایہ کاروں کے 180 ارب روپے ڈوب گئے تھے۔ تاہم گزشتہ روز کچھ بہتری کی صورتحال پیدا ہوئی اور کاروبار کا اختتام 636.80 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 37695.75 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ نتیجے کے طور پر سرمایہ کاروں کو ایک کھرب سے زائد کا فائدہ ہوا۔