کرونا کے پھیلاؤ میں کرنسی نوٹوں کا بھی اہم کردار، وائرس کئی دن تک موجود رہ سکتا ہے

Last Updated On 17 March,2020 11:07 am

لاہور: (دنیا نیوز) کرونا کے پھیلاؤ میں کرنسی نوٹوں کا بھی اہم کردار، کرونا کا وائرس کئی روز تک کاغذی کرنسی نوٹ کی سطح پر باقی رہ سکتا ہے۔ ماہرین نے کرنسی نوٹوں کو ہاتھ لگاتے ہوئے خاص احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

اِس وقت کرونا وائرس نے پوری دنیا میں دہشت پھیلا رکھی ہے جس سے بچنے کی کوئی دوا موجود نہیں۔ اِسی تناظر میں ماہرین کی طرف سے، بار باراپنے ہاتھ دھونے، ہاتھ ملانے، گلے ملنے، چہرے کو بار بارچھونے سے گریز اور مرض کے شکار افراد سے ملتے ہوئے ماسک وغیرہ پہننے کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔

اِنہیں احتیاطی تدابیر میں سے ایک کاغذی کرنسی نوٹوں کو چھونے میں انتہائی احتیاط برتنا بھی شامل ہے۔ ماہرین کے مطابق کرونا کا وائرس کئی روز تک اِن نوٹوں کی سطح پر باقی رہ سکتا ہے، اِس لیے اِنہیں چھونے کے فورا بعد ہاتھوں کو دھو لینے اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

یاد رکھنے کی بات ہے کہ کرنسی نوٹوں کے حوالے سے یہ بھی ثابت ہے کہ اِن پر انفلوائز کا وائرس دوہفتوں تک باقی رہ سکتا ہے۔