کوئٹہ میں لاک ڈاؤن سے کاروبار محدود، دکانداروں کی حکومت سے کرائے معاف کروانے کی اپیل

Last Updated On 03 April,2020 09:49 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں لاک ڈاؤن کے سبب زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی، کاروبار محدود ہو جانے سے ہزاروں دکاندار وں کو کرایہ ادا کرنا مشکل ہو گیا۔ حکومت سے مدد اور مالکان سے کرائے معاف یا آدھے کروانے کی اپیل کر دی۔

کوئٹہ میں لاک ڈائون کا دوسرا ہفتہ چل رہا ہے، شہر کے اندرونی علاقوں میں تقریبا 30 سے 35 ہزار دکانیں ہیں جن میں سے 60 فی صد میں تاجر کرایہ دار ہیں۔

جناح روڈ، عبدالستار روڈ، لیاقت بازار اور انکے گردونواح میں دکان کا کم ازکم کرایہ 25 ہزار ہے جو بعض مقامات پر ایک لاکھ روپے تک ہے۔ لاک ڈاون کی وجہ سے دکانداروں کو دکانوں کےساتھ ساتھ اپنے گھروں کا کرایہ ادا کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

صوبائی حکومت نے دکانوں کے مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کرایہ داروں کے ساتھ تعاون کریں، تاجر تظیموں کا کہنا ہے کہ اگر لاک ڈائون دو ماہ تک طویل ہو گیا تو انہیں کروڑوں روپے کا خسارہ ہو گا۔