اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نےمالی سال 2021ء کےدوران پاکستان کی معیشت میں بحالی کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے ملکوں کے پالیسی اقدامات کے عنوان سے رپورٹ میں کہاکہ مالی سال 2021ء میں معاشی بحالی کے باعث پاکستان کی معیشت میں بتدریج بہتری کا امکان ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق رپورٹ میں کورونا وائرس پر قابو پانے کےلئے حکومتی اقدامات کو اجاگر کیاگیا۔ وفاقی حکومت نے اپریل کے وسط سے صوبوں کےساتھ روابط کے ذریعے لاک ڈاون میں بتدریج نرمی کرتے ہوئے ایسی صنعتوں کو اپنی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دی جہاں کورونا کے پھیلاو کا خدشہ کم تھا، اسی طرح چھوٹی دکانوں کو بھی نئے ایس او پیز پر عملدرآمد کےساتھ دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے 24 مارچ کو 12 سو ارب روپے کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا جس پر اب عملدرآمد کیا جارہا ہے اور مالی سال 21-2020 میں جاری رکھا جائے گا۔
اس کے علاوہ اندرون ملک پروازوں ، ٹرین کی خدمات اور بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سےاندرون ملک اور بیرون ملک نقل و حرکت پر عائد پابندیاں بھی ہٹا دی گئی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کے اختتام پر دکانوں کی بندش اور کورونا وائرس کے پھیلاو کے حوالے سے انتہائی حساس علاقوں کو سیل کرنےکے ذریعے سمارٹ لاک ڈاون برقرار ہے۔
رپورٹ میں کوروناوائرس کی وبا کے معاشی اثرات میں کمی لانے کےلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اہم اقدامات کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے بحران کے آغاز سے صوبائی حکومتیں موثر مالیاتی اقدامات پر عملدرآمد کررہی ہیں جن میں کم آمدن گھرانوں کےلئے نقد گرانٹ، ٹیکس میں سہولت کی فراہمی اور صحت کے شعبے میں اضافی اخراجات شامل ہیں۔